لارڈز میں بھی آسٹریلیا فاتح، انگلینڈ دو میچوں کے خسارے میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اوئن مورگن نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری انگلش بلے باز تھے

آسٹریلیا نے سیریز نے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

لارڈز کے میدان میں کھیلے جانے والا میچ میں 310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 245 رنز ہی بنا سکی۔

تفصیلی سکور کارڈ کے لیے کلک کریں

بارش کے باعث ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والا میچ 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

سنیچر کی صبح انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا ڈالے۔

آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت اوپنر ڈیوڈ وارنر کی خدمات سے محروم ہونا پڑا جب وہ سٹیفن فن کی گیند پر انگوٹھا تڑوا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

وارنر اس چوٹ کی وجہ سے بقیہ میچوں میں بھی شریک نہیں ہو سکیں گے۔

تاہم اس کے بعد کپتان سٹیون سمتھ، جارج بیلی اور مچل مارش کی عمدہ نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلوی ٹیم ایک بڑا سکور رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ سمتھ 70، مارش 64 اور بیلی 54 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ گلین میکسویل کے 38 گیندوں پر 49 رنز نے بھی آسٹریلیا کو 309 رنز کا مجموعہ بنانے میں مدد دی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بین سٹوکس اس میچ میں آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ آؤٹ قرار دیے گئے

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس 60 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

جواب میں انگلش بلے بازوں میں سوائے اوئن مورگن کے کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 43ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

مورگن نے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ ہونے والے آخری انگلش بلے باز تھے۔ ان کے علاوہ ٹیلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلش اننگز کے دوران 26ویں اوور میں بین سٹوکس اس وقت ’آبسٹرکٹنگ دی فیلڈ‘ آؤٹ قرار دیے گئے جب انھوں نے مچل سٹارک کی وکٹوں میں جاتی تھرو کو روکنے کی کوشش کی۔

وہ عالمی کرکٹ کی تاریخ میں اس طریقے سے آؤٹ دیے جانے والے ساتویں اور دوسرے انگلش بلے باز ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے سر لین ہٹن کے علاوہ پاکستان کے چار اور بھارت کا ایک کھلاڑی کسی انٹرنیشنل میچ میں اس طریقے سے آؤٹ ہو چکا ہے۔

واضع رہے کہ آسٹریلیا کو اس فتح کے بعد سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

جمعرات کو ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو 59 رنز سے شکست دے دی تھی۔

انگلینڈ نے اس ون ڈے سیریز سے قبل ایشز ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو دو کے مقابلے میں تین میچوں سے ہرایا ہے۔

اسی بارے میں