ٹی 20 کپ: پشاور نے اسلام آباد کو شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اسلام آباد ریجن کی جانب سے بابر اعظم نے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ہائر موبائل ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کےگروپ بی کے ایک میچ میں پشاور ریجن نے اسلام آباد ریجن کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور کو 182 رنز کا ہدف دیا تھا جو پشاور نے 18 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور ریجن کی جانب سے رفعت اللہ مہند اور اسرار اللہ نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

اسرار اللہ نے 24 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی اور عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ رفعت اللہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے صرف 38 گیندوں میں 61 رنز بنائے۔

رفعت اللہ کو بھی عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔

پشاور کی جانب سے افتخار احمد سات بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عادل امین اور مصدق احمد بالترتیب 16 اور 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد ریجن کی جانب سے عماد وسیم نے دو اور زوہیب احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 181 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور شان مسعود 12 رنز بنا کر تاج ولی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد آفاق رحیم اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز کی شراکت قائم کی۔

آفاق رحیم نے 52 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد رضوان کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم 60 اور عماد وسیم 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور ریجن کے مصدق احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں