ٹائیگر وڈ انجری کے باعث رواں سیزن نہیں کھیل سکیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Press Association
Image caption ٹائیگر وڈ کو حالیہ برسوں میں اپنی پرفارمنس اور انجری کے باعث مسائل کا سامنا رہا ہے

گالف کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ٹائیگر وڈ کمر کی سرجری کی وجہ سے رواں سال کے مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

سابق عالمی نمبر ایک ٹائیگر وڈ کی 18 ماہ کے دوران دوسری بار کمر کی سرجری ہوئی ہے۔

بدھ کو کمر کے آپریشن کے بعد وڈ اب 2016 سے پہلے گالف نہیں کھیل سکیں گے۔

ٹائیگر وڈ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ’یہ یقیناً مایوس کن ہے لیکن میں ایک فائٹر ہوں، مجھے بتایا گیا ہے کہ میں مکمل طور پر صحت یاب ہو سکتا ہوں اور مجھے اس پر کوئی شک نہیں ہے۔‘

سرجری کے باعث ٹائیگر وڈ فریس ڈاٹ کام اوپن، بریجسٹون امریکن گالف کپ اور ہیرو ورلڈ چیلنج میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ٹائیگر وڈ اس وقت عالمی رینکنگ میں 283 پوزیشن پر موجود ٹائیگر وڈ سال 2008 میں یو ایس اوپن کے بعد کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیت سکے۔

انھیں حالیہ برسوں میں اپنی پرفارمنس اور انجری کے باعث مسائل کا سامنا رہا ہے۔

ٹائیگر وڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ’انھیں حالیہ ہفتوں کمر اور کولھے میں تکلیف کی شکایت رہی۔ میں اپنے مداحوں کی تشویش اور حمایت پر شکر گزار ہوں۔ یہ بدقسمتی ہے لیکن ایسی چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔میں پہلے بھی زخمی ہوا اور پھر دوبارہ کھیلنا شروع کر دیا اور اس مرتبہ بھی کچھ مختلف نہیں ہو گا۔‘

اسی بارے میں