سورو گنگولی کرکٹ بورڈ آف بنگال کے نئے صدر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کرکٹ بورڈ آف بنگال کے نئے صدر ہوں گے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس بات کا اعلان میڈیا کے سامنے کیا۔

گنگولی کو اس عہدے کے لیے بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔

بی سی سی آئی کے سربراہ جگموہن ڈالمیا نہیں رہے

بی سی سی آئی کے سابق صدر جگموہن ڈالمیا کے بیٹے ابھیشیک ڈالمیا کو کرکٹ بورڈ آف بنگال کا جوائنٹ سکریٹری بنایا گیا۔

اعلان کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گنگولی نے کہا: ’یہ بڑی ذمہ داری ہے۔ میں بنگال کرکٹ کی بہتری کے لیے جو ممکن ہو گا، کروں گا۔ میں خوش ہوں کہ ممتا دیدی چاہتی تھیں کہ ابھیشیک بورڈ میں آئیں۔ یہ ان کے لیے جذباتی لمحہ ہے کیونکہ انھوں نے ابھی ابھی اپنے باپ کو کھویا ہے۔ ہم ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے۔

گنگولی نے بتایا کہ وہ فوری طور پر نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتانوں میں شمار ہونے والے سورو گانگولی نے عالمی کرکٹ کو 2008 میں ہی الوداع کہہ دیا تھا۔

اپنے 21 برس کے کرئیر میں سورو گانگولی عالمی کپ حاصل کرنے کا خواب تو پورا نہیں کر پائے تھے لیکن ان کی کپتانی کے دوران 2003 میں بھارتی ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل تک ضرور پہنچی تھی جسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گنگولی کی قیادت میں انڈیا کی ٹیم نے 21 ٹیسٹ میچ جیتے تھے جو اس وقت انڈیا کے کسی بھی دوسرے کپتان سے زیادہ تھے۔

اسی بارے میں