کٹک میں بھی بھارت کو شکست، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جنوبی افریقہ کو پہلا میچ جتوانے والے جے پی ڈومینی ایک مرتبہ پھر ٹاپ سکورر رہے

جنوبی افریقہ نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

کٹک میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کر لیا۔

پیر کی شام جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو سیریز کے پہلے میچ کے برعکس یہ ایک لو سکورنگ میچ ثابت ہوا۔

میزبان ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18ویں اوورز میں 92 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

گذشتہ میچ میں سنچری بنانے والے روہت شرما اور سریش رائنا 22 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ سات بھارتی بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں تک بھی نہ پہنچ سکا۔

جنوبی افریقہ کے لیے عمران طاہر نے 24 رنز اور کرس مورس نے 16 رنز دے کر دو، دو وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقی فیلڈرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو رن آؤٹ کیا۔

93 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو پہلا میچ جتوانے والے جے پی ڈومینی ایک مرتبہ پھر ٹاپ سکورر رہے۔ انھوں نے 30 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میچ کے دوران بھارتی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس تماشائیوں نے میدان میں پانی کی بولتیں پھینكني شروع کر دیں، جس کی وجہ سے میچ دو مرتبہ روکنا پڑا۔

تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دھرم شالہ میں کھیلا گیا تھا جہاں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی اور سیریز کا آخری میچ 8 اکتوبر کو کولکتہ میں ہوگا۔

اسی بارے میں