پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایک روزہ سیریز بھی جیت لی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ سکور 39ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل چھ وکٹوں سے جیت کر دو میچوں کی سیریز بھی دو صفر سے جیت لی۔

اس نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 20 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

خواتین ٹی 20 سیریز میں بنگلہ دیش کو شکست

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے دونوں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ بھی 29 اور 34رنز سے جیتے تھے اس طرح یہ بنگلہ دیشی ٹیم کے دورے کا پہلا میچ تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے دوسری بیٹنگ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن انعم امین اور اسماویہ اقبال نے اسے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹوں پر صرف 123 رنز پر محدود کر دیا۔

اوپنر عائشہ رحمنٰ نے 39 اور نگار سلطانہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 30 رنز بنائے۔

سلو لیفٹ آرم بولر انعم امین نے دس اووروں میں صرف سات رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ون ڈے میں سب سےبہترین بولنگ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ثانیہ خان نے ایک وکٹ حاصل کی

میڈیم فاسٹ بولر اسماویہ اقبال نے 28رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ سکور 39ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بسمہ معروف نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز بنائے۔

بسمہ معروف ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں نو نصف سنچریوں کی مدد سے 16 سو سے زائد رنز بنا چکی ہیں اور وہ خواتین کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے اس دورے میں بسمہ نے دونوں ٹی 20 میچوں میں 65 ناٹ آؤٹ اور 34 رنز سکور کیے تھے جبکہ پہلے ون ڈے میں انھوں نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

اسی بارے میں