’پاک، بھارت کرکٹ سیریز ہوتی دکھائی نہیں دے رہی‘

Image caption ’کرکٹ سیریز کے لیے خوشگوار ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے‘

پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت کے خلاف کرکٹ سیریز کھیلنا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق سرتاج عزیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ سریز کے لیے خوشگوار ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے جو اس وقت دکھائی نہیں دے رہے۔

پاک بھارت سیریز پر آئی سی سی کے اجلاس میں بات ہوگی

بھارت کے پیچھے بھاگنے کی ضرورت نہیں

سرتاج عزیز کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ’ہوم سیریز‘ کے حوالے سے بی سی سی آئی کے حتمی جواب کا منتظر ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’مجھے موجودہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ہوتی نظر نہیں آرہی۔‘

’ہمیں کرکٹ اور دوسری چیزوں کے لیے پہلے حالات کو سازگار بنانا ہوگا۔ ہمارا کرکٹ بورڈ اس حوالے سے بھارتی حکام سے رابطے میں ہے لہٰذا وہی صورتحال پر بات کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہیں، بہرحال مجھے زیادہ امیدیں نہیں ہیں۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ سال پی سی بی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اصلاحات پر راضی ہونے کے بعد بھارت نے 2015 سے 2023 کے درمیان پاکستان کے ساتھ چھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔

تاہم، یہ تمام سیریز متعلقہ حکومتوں سے منظوری ملنے سے مشروط تھیں۔

دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان ان دنوں سیاسی تعلقات انتہائی خراب ہیں اور پچھلے کچھ عرصے سے دونوں ملک ایک دوسرے پر ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام بھی دہراتے آئے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے امید ظاہر کی تھی کہ رواں مہینے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز سیریز کھیلنے پر اتفاق کر لیں گے۔

اسی بارے میں