پہلے ٹیسٹ سے قبل سپنر یاسر شاہ زخمی ہو گئے

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

یاسر شاہ زخمی ہونے کے بعد گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے

ابو ظہبی میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے پہلے پاکستان کے اہم سپنر یاسر شاہ زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سوموار کو ٹریننگ کے دوران 29 سالہ یاسر شاہ کی کمر میں تکلیف ہوئی جس کے باعث وہ گراؤنڈ سے چلے گئے۔

کپتان مصباح الحق نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یاسر شاہ کا زخمی ہونا ایک دھچکہ ہو سکتا ہے۔

’ہم نے اس پر نظر رکھی ہوئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ کل صبح تک وہ ٹھیک ہو جائیں گے۔‘

پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں یاسر شاہ اور اور دوسرے بائیں بازو سے گیند کرنے والے سپنر ذوالفقار بابر پر بہت انحصار کر رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف بہتر باؤلنگ کرتے ہوئے 24 وکٹیں حاصل کی تھیں

شاہ نے سری لنکا میں جولائی میں ہونے والی سیریز میں 24 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان یہ سیریز دو ایک سے جیت گیا تھا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی ان سے بہت توقعات کی جا رہی ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق شاہ کو گراؤنڈ سے کمر پکڑ کر تکلیف میں جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

مصباح نے کہا کہ ’ڈریسنگ روم میں وہ کافی بہتر طریقے سے چل رہے تھے لیکن ہم ان کے متعلق حتمی فیصلہ (کل) صبح ہی کریں گے۔‘

انھوں نے عندیہ دیا کہ اگر یاسر شاہ نہیں کھیلتے تو انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں باؤلنگ کرنے والے نوجوان باؤلر محمد اصغر کو بلایا جا سکتا ہے۔

دوسری طرف انگلینڈ کے تیز باؤلر سٹیون فِن بھی اپنے بائیں پاؤں میں تکلیف کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

26 سالہ فِن نے گذشتہ ہفتے پاکستان کے خلاف وارم اپ میچ میں عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے اوپنر اظہر علی کی بھی پہلے ٹسیٹ میچ میں شمولیت مشکوک ہے۔

اسی بارے میں