وکٹ کیپر رضوان کو دبئی بلا لیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption محمد رضوان نےگیارہ ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں ملک کی نمائندگی کی ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم مینیجمنٹ کی درخواست پر وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو متحدہ عرب امارات بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے بدھ کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر بی بی سی کو بتایا کہ ٹیم منیجمنٹ نے سلیکشن کمیٹی سے درخواست کی تھی کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کے بیک اپ کے طور پر محمد رضوان کو بھیجا جائے۔

انتخاب عالم نے بتایا کہ محمد رضوان اور اظہرعلی کے ویزے کا انتظار ہے جیسے ہی ان دونوں کے ویزے جاری ہوگئے یہ دونوں دبئی پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ اظہرعلی کو اپنی ساس کے انتقال کے سبب وطن واپس جانا پڑا تھا۔

پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے کافی دنوں سے وکٹ کیپر سرفراز احمد کے بیک اپ کی درخواست کررکھی تھی کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ اگر سرفراز احمد ان فٹ ہو جاتے ہیں تو اسے اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے جیسا ابوظہبی ٹیسٹ میں یاسر شاہ کے ان فٹ ہوجانے کے وقت ہوا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو دوسرا سپنر دستیاب نہ تھا اور لیفٹ آرم اسپنر ظفرگوہر کے نہ پہنچنے کے سبب مجبوراً تیز بولر عمران خان کو ٹیم میں شامل کرنا پڑا تھا۔

23 سالہ محمد رضوان نے گیارہ ون ڈے اور چھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔

اسی بارے میں