عثمان خواجہ دو برس بعد آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سائیڈ میچ میں سنچری سکور کی ہے

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنی ٹیم میں پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خواجہ کو شامل کیا ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر راڈ مارش نے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہ یہ وقت اندھا دھند تجربات کرنے کا نہیں ہے۔

عثمان خواجہ بھی ہاشم آملہ کے نقش قدم پر

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستانی نژاد رکن

آسٹریلوی ٹیسٹ میں کئی کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے برعکس نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کسی ایسے کھلاڑی کو شامل نہیں گیا جنھوں نے ابھی ٹیسٹ کریئر شروع نہیں کیا۔

پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کو دو برس کے وقفے کے بعد قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

عثمان خواجہ بنگلہ دیش کے منسوخ ہونے والے ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شامل تھے اور انھوں نے کینبرا میں نیوزی لینڈ کے خلاف سائیڈ میچ میں آسٹریلیا الیون کی جانب سے کھیلتے ہوئے سنچری سکور کی تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چیف سیلیکٹر راڈ مارش نے عثمان خواجہ کے بارے میں کہا: ’عثمان فاسٹ بولنگ کو کھیلنے والے بہت عمدہ کھلاڑی ہیں اور بیٹنگ کی اچھی ٹیکنیک کے مالک ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ اس سیریز میں بیٹنگ میں ایک مضبوط حصہ ڈالیں گے۔‘

ٹیم میں دو برس کے وقفے کے بعد دوبارہ شامل کیے جانے والے عثمان خواجہ کو بیٹنگ میں توقع ہے کہ تیسری پوزیشن پر کھیلایا جائے گا۔

آسٹریلیا ٹیم کے نئے کپتان سٹیو سمتھ کی قیادت میں 12 رکنی سکواڈ میں چھ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جنھوں نے ٹیسٹ کیپ ملنے کے بعد 10 سے بھی کم ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔

رواں برس کے شروع میں سینیئر کھلاڑیوں مائیکل کلارک، شین واٹسن، کرس راجرز، براڈ ہائیڈن اور ریان ہیرس کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں کم تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے۔

آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ میں سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے مارش نے کہا کہ انھوں نے بہترین ٹیم کے انتخاب کی کوشش کی ہے۔

’ہم جانتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم غیر معمولی ثابت ہو گی، حقیقت میں وہ بہت ہی اچھی ٹیم ہے۔ میرے خیال میں یہ اہم ہے کہ ہماری ٹیم کے دو اوپنر سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر اچھا آغاز فراہم کریں اور میرا ذاتی خیال ہے کہ یہ وقت بے دریغ تجربات کرنے کا نہیں ہے۔‘

ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑی: سٹیو سمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، جوئے برنز، عثمان خواجہ، ایڈم، مچل مارش، پیٹر نیول، مچل جانسن، مچل سٹارک، نیتھن لئیون، جوش ہیزوڈ اور پیٹر سڈل شامل ہیں۔

اسی بارے میں