چیلسی کو ایک اور شکست، جوزے میرنیو مشکل میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دنیا کےبہترین فٹبال مینیجر سمجھے جانے والے جوزے میرینو اپنے پروفیشنل کریئر کے سخت ترین مرحلے سے گذر رہے ہیں

انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ سال کے چیمپیئن کلب چیلسی کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور سنیچر کو اسے لیورپول کے ہاتھوں شکست کے بعد مینیجر جوزے میرینیو کو ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

میچ سے قبل برطانوی ذرائع ابلاغ میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ لیورپول کے ہاتھوں شکست کی صورت میں چیلسی کلب کے روسی ارب پتی مالک رومن ابراہمووچ جوزے میرینو کو بطور چیلسی مینیجر چھٹی کر دیں گے۔

جوزے میرینو چیلسی کلب کی تاریخ کے سب سے کامیاب مینیجر ہیں لیکن رواں برس ان کی ٹیم کو اوپر تلے ناکامیوں کا سامنا ہے۔

پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں چیلسی نے کھیلے گئے گیارہ میچوں میں صرف تین جیتے ہیں جبکہ چھ میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے اور دو میچ برابری پر ختم ہوئے۔ پریمیئر لیگ ٹیبل پر چیلسی پندرہویں پوزیشن پر ہے۔

اسی طرح یورپی چیمپئن شپ میں بھی چیلسی کی کارکردگی اچھی نہیں ہے اور وہ تین میچوں میں صرف ایک جیت سکا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فلپ کوتینو نے لیور پول کےدو گول کیے

سنیچر کو لیور پول کے خلاف میچ کے ابتدائی لمحات میں چیلسی کے برازیلی مڈفیلڈر رمیریز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی لیکن اعتماد سے عاری اور گھبرائی ہوئی چیلسی ٹیم اس برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور لیورپول نے اوپر تلے تین گول کر کے اپنی فتح کو یقینی بنا لیا۔

لیور پول کی جانب سے برازیلی کھلاڑی فلپ کوتینو نے دو گول کیے جبکہ سٹرایکر کرسچیئن بینٹکے نے ایک گول کیا۔

اس میچ میں جوزے میرینو نے گذشتہ برس کے فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز پانے والے ایڈن ہیزاڈ اور سیس فیبریگاس کو ٹیم میں شامل نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں برس ابتدائی گیارہ میچوں میں سے چھ میچ ہارنے والی چیلسی کی ٹیم گذشتہ سیزن میں اپنے کل 38 میچوں میں سے صرف تین میچ ہاری تھی۔

اسی بارے میں