’سوشل میڈیا سعید اجمل کے ساتھ ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP

پاکستانی کرکٹر سعید اجمل گذشتہ چند دنوں سے میڈیا اور خصوصاً سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ہیں جس کی وجہ ان کی کرکٹ اکیڈمی اور پی سی بی کی جانب سے کارروائی کے بیانات ہیں۔

یاد رہے کہ سعید اجمل نے ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے انٹرنیشل کرکٹ کونسل پر تنقید کی تھی اور اس پر آف سپنروں کو غیر منصفانہ طریقے سے بولنگ ایکشن پر نشانہ بنانے کا الزام لگایا تھا۔

گذشتہ روز سعید اجمل کی فیصل آباد میں قائم کی جانے والی کرکٹ اکیڈمی موضوعِ بحث بنی رہی جس پر پاکستان میں ’میں سعید اجمل کے ساتھ ہوں‘ ٹرینڈ کرتا رہا۔

اینکر اور صحافی عاصمہ چوہدری نے ٹویٹ کی کہ ’جس طرح ہم اپنے ہیروز کے ساتھ سلوک کرتے ہیں وہ بہت دکھ کی بات ہے۔ کرکٹر سعید اجمل اپنی کرکٹ اکیڈمی سے بے دخل کیے جانے کے منتظر ہیں۔‘

اس کے علاوہ سعید اجمل کے خلاف پی سی بی کی کارروائی کے بارے میں بھی مختلف ٹویٹس سامنے آئیں۔ فرخ خان پتافی نے لکھا: ’دکھ ہوتا ہے سعید اجمل کو نشانے پر دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کیونکہ انھوں نے وہ کہہ دیا جو اُن کے دل میں تھا۔‘

آغا وقاص نے ٹویٹ کی کہ ’میں سعید اجمل کے ساتھ ہوں کیونکہ لیجنڈز کی عزت ہر پاکستان کے لیے لازم ہے جو ان سے محبت کرتا ہے۔‘

کرکٹ اکیڈمی کی زمین کے تنازعے پر ڈی سی او فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی کی انتظامیہ اور سعید اجمل کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جس کے نتیجے میں حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اسی بارے میں