کرکٹ کی دنیا میں پہلے چینی کھلاڑی کی شمولیت

تصویر کے کاپی رائٹ CRICINFO
Image caption منگ لی 2012 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں

ہانگ کانگ کے منگ لی کو پیر کے روز آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی بگ بیش لیگ میں شامل کر لیا گیا ہے اور ان کے بقول ان کی بولنگ میں یوٹیوب پر مایہ ناز کرکٹر شین وارن کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد ہی نکھار پیدا ہوا۔

سڈنی سکسرز نے اپنے موسمِ گرما کے کرکٹ کے ایک خصوصی پروگرام کے لیے 24 سالہ کھلاڑی کی خدمات حاصل کی ہیں۔

لِی سنہ 2004 سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور انھوں نے سنہ 2010 میں گوانگ یو اور سنہ 2014 میں ایشین گیمز میں انتخاب کے بعد اپنا باقاعدہ آغاز سنہ 2010 میں ہانگ کانگ سے کیا تھا۔

دائیں ہاتھ کے لیگ سپن گیند باز کو کرکٹ کا شوق یوٹیوب پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی شین وارن کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد پیدا ہوا جس کے بعد لِی نے اپنے پسندیدہ لیگ سپن کی طرز پر اُن کے باؤلنگ ایکشن کی پیروی شروع کی۔

لی کا کہنا تھا ’میں ہانگ کانگ کرکٹ ایسوسی ایشن، سڈنی سکسرز اور کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے مجھے معروف بگ بیش کے کلبوں میں سے ایک کے ساتھ کھیلتے ہوئے اس شاندار موقع سے فائدہ اُٹھانے کا موقع فراہم کیا۔‘

لی کے مطابق ’اس مقابلے میں کھیلنے اور اس طرح کے پیشہ وارانہ ماحول کا حصہ بننے سے میری کرکٹ کی مہارت، معلومات اور تجربے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔‘

سنہ 2012 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جب ہانگ کانگ نے شارجہ میں افغانستان کے خلاف میچ کھیلا تو منگ لی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے والے پہلے چینی کھلاڑی بن گئے تھے۔

بگ بیش لیگ 17 دسمبر سے شروع ہوگی۔

اسی بارے میں