فرانس: دوسرے شہروں کے فٹبال شائقین کے داخلے پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

فرانس کی وزارتِ داخلہ نے پیرس حملوں کے بعد ملک میں کھیلے جانے والے فٹبال کے تمام میچوں میں دوسرے شہروں سے آنے والے شائقین کی شرکت پر دسمبر کے وسط تک پابندی عائد کر دی ہے۔

واضح رہے کہ 13 نومبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں سٹیٹ ڈی فرانس سٹیڈیم کے باہر تین خود کش دھماکے کیے گئے تھے اور دہشت گردی کے مختلف واقعات میں پیرس بھر میں کل 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جس وقت یہ دھماکے ہوئے اس وقت فرانس اور جرمنی کے درمیان دوستانہ میچ جاری تھا۔

فرانس کی وزارتِ داخلہ نے دوسرے شہروں سے آنے والے فٹبال شائقین کے داخلے کی پابندی پر توسیع ملک میں جاری ہنگامی صورتِ حال، موسمی تبدیلیوں کے بارے میں ہونے والے اجلاس اور ’ پولیس فورسز کی کمی‘ کے باعث کی ہے۔

خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 30 نومبر سے 11 دسمبر تک اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام موسمی تبدیلیوں سے متعلق اجلاس منعقد ہو گا۔

دوسری جانب فرانس کی فٹبال لیگ ایل ایف پی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق رواں ہفتے لیگ ون اور لیگ ٹو کے 16 ویں راؤنڈ کے مقابلوں کے دوران دوسرے شہروں سے آنے والے فٹبال شائقین کو یہ میچ دیکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

بیان کے مطابق فرانس میں دس دسمبر کو یورپا لیگ کے گروپ سٹیج میچوں کے فائنل راؤنڈ مقابلوں کے لیے بھی اس قسم کا حکم جاری کیا جائے گا۔