ناگ پور پچ پر ریفری کی رپورٹ، بھارت کو جرمانے کا سامنا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بھارتی سپنر ایشون نے اس ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کی تھیں

انٹرٹیشنل کرکٹ کونسل کے میچ ریفری کی جانب سے جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں ناگپور سٹیڈیم کی پچ کو ’خراب‘ قرار دیے جانے کے بعد بھارت کو جرمانے کا سامنا ہے۔

ریفری کی رپورٹ کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو 9,950 برطانوی پاؤنڈ تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

ناگ پور ٹیسٹ میں ایشون کی تباہ کن بولنگ، بھارت فاتح

وی سی اے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں تین دنوں میں 40 کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور بھارت نے میچ 124 رنز سے جیت کر سیریز میں اپنی برتری دگنی کر لی تھی۔

مہمان ٹیم کے کپتان ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ وہ اب تک جن میدانوں میں کھیلے ہیں، یہ اُن میں ’مشکل ترین‘ پچ تھی۔

آئی سی سی نے پچ کے بارے میں رپورٹ بی سی سی آئی کو بھجوا دی ہے اور انھیں جواب دینے کے لیے 14 روز کا وقت دیا گیا ہے۔

اس کے بعد آئی سی سی کے جنرل مینیجر جیف ایلرڈائس اور چیف میچ ریفری فیصلہ کریں گے کہ آیا پچ خراب تھی اور اس کی پاداش میں بھارت پر جرمانہ کیا جائے یا نہیں۔

پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بھارت میں کھیلے گئے کسی ٹیسٹ میچ میں کوئی بھی کھلاڑی 50 کے ہندسے تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

میچ میں بھارت کے اوپنر بلےباز مرلی وجے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی سکور 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

جنوبی افریقہ دنیا کی صف اول کی ٹیسٹ ٹیم ہے، اور سنہ 2006 کے بعد سے اُس کو کسی سیریز میں شکست نہیں ہوئی ہے۔

اس میچ میں پہلی اننگز میں جنوبی افریقی کھلاڑی صرف 79 رنز پر ڈھیر ہو گئے اور دونوں اننگز کے دوران تمام کے تمام 20 جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو بھارتی سپنرز نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹوئٹر پر انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے اس پچ کو ’ظالم پچ‘ قرار دیا تھا اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔

تاہم جنوبی افریقہ کے اسسٹنٹ کوچ ایڈرین بِرل نے ٹیم کی شکست کی ذمہ داری پچ پر ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔

جمعرات کو شروع ہونے والے چوتھے اور آخری میچ سے قبل اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم بالکل شکایت نہیں کر رہے ہیں۔

’ہم بھارت میں کھیل رہے ہیں اور بھارت کے ماحول میں کھیل رہے ہیں۔ ہم موقعے کا لطف اُٹھا رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ہم اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ نہیں کھیلے۔‘

اسی بارے میں