ڈی ویلیئرز، آملہ کی سست روی کام نہ آ سکی، بھارت فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بھارت کے لیے دوسری اننگز میں ایشون ہی چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے

نئی دہلی میں جاری چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 337 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

پیر کو میچ کے آخری دن جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے مزید 409 رنز درکار تھے لیکن اس کی پوری ٹیم چائے کے وقفے کے بعد 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

جنوبی افریقی بلے بازوں نے دفاعی انداز سے کھیل کر میچ برابر کرنے کی بہت کوشش کی لیکن آخری سیشن میں بھارتی بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔

جنوبی افریقہ نے اس دوسری اننگز میں ایک رن فی اوور کی اوسط سے بلے بازی کی۔

پانچویں دن ابراہم ڈی ویلیئرز نے ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر دو وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور سست روی برقرار رکھتے ہوئے 13 اوورز میں سکور میں چار رنز کا اضافہ ہی کیا۔

85ویں اوور میں اس شراکت کو رویندر جدیجا نے آملہ کو بولڈ کر کے توڑ دیا۔ انھوں نے 25 رنز بنانے کے لیے 244 گیندوں کا سامنا کیا۔

آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں تاہم دوسری جانب ابراہم ڈی ویلیئرز جمے رہے جنھوں نے انتہائی محتاط انداز اپنایا اور سست روی سے بلے بازی کرتے ہوئے 297 گیندوں پر صرف 43 رنز بنائے۔

چائے کے وقفے کے بعد ڈی ویلیئرز کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی اور وہ ایشون کی گیند پر جدیجا کو کیچ دے بیٹھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور ڈی ویلیئرز اس میچ میں الگ ہی رنگ میں دکھائی دیے

ان کے جانے کے بعد بقیہ تین وکٹیں سکور میں سات رنز کا اضافہ ہی کر سکیں۔

بھارت کے لیے دوسری اننگز میں ایشون ہی پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ امیش یادو نے تین اور جدیجا نے دو وکٹیں لیں۔

خیال رہے کہ بھارت کے اپنی پہلی اننگز میں 334 رنز بنائے تھے جس میں ریہانے کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

اس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز ہی بنا سکی تھی اور پھر بھارت نےاپنی دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

پانچ میچوں پر مشتمل یہ ٹیسٹ سیریز بھارت نے تین صفر سے جیتی ہے۔

موہالی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 108 رنز سے شکست دی تھی۔

بنگلور میں کھیلے جانے والا دوسرا ٹیسٹ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا تھا، جبکہ ناگ پور میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 124 رنز سے شکست دے دی تھی۔

اسی بارے میں