قمر ابراہیم پاکستانی ہاکی ٹیم کے نئے کوچ مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption قمر ابراہیم 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے

پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق رکن اور اولمپیئن قمر ابراہیم کو قومی ہاکی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قمرابراہیم کو چیف کوچ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اور بحیثیت چیف کوچ ان کا پہلا ٹورنامنٹ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہوگا جو اپریل میں منعقد ہوگا۔

شہباز احمد کا کہنا ہے کہ قمر ابراہیم کی مشاورت سے بقیہ کوچنگ عملے کا تقرر کیا جائے گا۔

47 سالہ قمر ابراہیم 1990 کی دہائی میں رائٹ آؤٹ کی حیثیت سے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

وہ 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

یاد رہے کہ چیف کوچ کا عہدہ شہناز شیخ کے استعفے کے بعد سے خالی تھا جو اس سال ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

اس مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس میں شرکت سے محروم ہوگئی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی اس خراب کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن میں نمایاں تبدیلی آئی تھی اور صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد سے استعفے لے کر ان کی جگہ بریگیڈئر ( ریٹائرڈ ) خالد کھوکھر کو صدر اور سابق اولمپیئن شہباز احمد کو سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں