ڈونیڈن ٹیسٹ: سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا ہدف

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے اب آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں درکار ہیں جبکہ سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے مزید 296 رنز کی ضرورت ہے

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ڈونیڈن میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔

چوتھے دن بارش نے تین بار کھیل میں رکاوٹ پیدا کی اور چوتھے دن کے کھیل کے خاتمے پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے۔

میچ کا تازہ سکور جاننے کے لیے کلک کریں

نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے اب آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں درکار ہیں جبکہ سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے مزید 296 رنز کی ضرورت ہے۔

کریز پر دنیش چنڈی مل 31 رنز بناکر موجود ہیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری (156) اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کی بدولت 431 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے چار جبکہ سرنگا لکمل اور دشمنتھا چمیرا نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ایک ایک وکٹیں اینجلو میتھیوز اور سری وردھنا کے حصے میں آئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نیوزی لینڈ کے پاس اچھے فاسٹ بولرز ہیں اور سری لنکا کے لیے یہ میچ بچانا مشکل ہوگا

اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 294 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے اوپنر کرونارتنے نے 84 جبکہ دنیش چنڈی مل نے 83 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی اور ویگنر نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور مچل سانٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 137 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی پھر اس نے دوسری اننگز میں ٹام لیتھم کی ناقابل تسخیر 109 رنز اور کین ولیمسن کے 71 رنز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بناکر اننگز کے خاتمے کا اعلان کیا اور سری لنکا کو پانچ سیشنز میں 405 رنز کا مشکل ہدف دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں