’سلمان اور آصف کو بھی دوبارہ موقع ملنا چاہیے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی پابندی ختم ہو گئی ہے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے سپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کی بھی حمایت کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ان دونوں کرکٹرز پر عائد پابندی بھی ختم ہوچکی ہے۔

دونوں کرکٹرز کو واپڈا نے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے لیکن وہ ابھی تک فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت کے مطابق بحالی پروگرام میں مصروف ہیں۔

’محمد عامر دوسرے چانس کے مستحق ہیں‘

تنقید کا جواب وکٹیں لے کر دوں گا: محمد عامر

وقاریونس نے پیر کو لاہور میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف محمد عامر بلکہ سلمان بٹ اور محمد آصف نے اگر سزا پوری کر لی ہے اور وہ دوبارہ کھیلنے کے اہل ہو جاتے ہیں تو سلیکٹرز کو ان دونوں پر نظر رکھنی چاہیے اور جب بھی وہ فٹ ہوں اور تیار ہوں تو انھیں دوبارہ کھیلنے کا موقع دینا چاہیے

وقاریونس کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب سپاٹ فکسنگ میں ملوث فاسٹ بولر محمد عامر کو نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جاچکا ہے تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت ویزے سے مشروط ہے۔

وقاریونس کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ محمد عامر پر کارکردگی کے لیے ابھی سے دباؤ ڈالا جائے۔

’محمد عامر کو انٹرنیشنل کرکٹ سے دوبارہ ہم آہنگ ہونے کا وقت درکار ہے لیکن انھیں خوشی ہے کہ لوگوں کی اکثریت نے ان کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے اور سب کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں کیونکہ جس وقت وہ اس افسوسناک صورتحال سے دوچار ہوئے تھے وہ صرف اٹھارہ سال کے تھے۔‘

وقار یونس نے کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ میدان میں اترتے وقت محمد عامر کو سخت ردعمل کا سامنا ہوگا اور اگر ایسا ہوا تو ہمیں انکساری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وقار یونس نے اظہر علی اور محمد حفیظ کی جانب سے محمد عامر کی مخالفت کے بارے میں کہا کہ ہم جمہوری دنیا میں رہتے ہیں اور ہر کسی کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے۔

اسی بارے میں