سنہری بال پھر سے میسی کے پاس

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میسی نے یہ ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے 41 اعشاریہ تین تین فیصد ووٹ حاصل کیے

بارسلونا کلب کےفٹبالر لیونل میسی نے پانچویں مرتبہ بہترین کھلاڑی کے لیے فیفا کا بال آن ڈور ایوارڈ حاصل کر لیا ہے۔

28 سالہ میسی کا تعلق ارجنٹائن سے ہے اور انھوں نے یہ ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے 41.33 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

ریئل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو 27.67 فیصد ووٹ لے کر دوسرے اور بارسلونا کے نیمار 7.86 فیصد ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کے زمرے میں امریکہ کی مڈ فیلڈر کارلی لوئیڈ جنھوں نے ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک کی تھی، انھوں نے بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

سنہ 2015 میں میسی نے 61 میچوں میں 52 گول کیے تھے۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے تاثرات میں میسی نے کہا کہ ’میرے لیے دوبارہ اس سٹیج پر آنا انتہائي خاص موقع ہے، کرسٹیانو کو اسے جیتتے دیکھنے کے بعد ایک اور بار بال آن ڈور جیتنا بہت اہم ہے۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ سال اور اس سے قبل یہ اعزاز کرسٹیانو رونالڈو کے سر رہا تھا اور اس سے قبل لگاتار چار سال تک لیونل میسی نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

اسی بارے میں