پاکستان، نیوزی لینڈ کے لیے عالمی نمبر ایک بننے کا موقع

کرکٹ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان کی ٹیم تیز باؤلر محمد عامر کو بھی ساتھ لے کر نیوزی لینڈ گئی ہے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے لیے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بننے کا اچھا موقع ہے۔

دونوں ٹیمیں جمعہ سے تین ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہو رہی ہیں اور جو بھی ٹیم سیریز کے تینوں میچز جیت کر کلین سویپ کرے گی وہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ اس وقت عالمی رینکنگ میں ایک سو چودہ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

سیریز کے تینوں میچز ہارنے والی ٹیم آٹھویں نمبر پر چلی جائے گی۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کسی نے بھی اگر سیریز دو ایک سے جیتی تو اس کی پوزیشن پانچویں ہوجائے گی۔

نیوزی لینڈ نے گزشتہ دنوں سری لنکا کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ اس شکست کے نتیجے میں سری لنکا کی ٹیم عالمی نمبر ایک کی پوزیشن سے محروم ہوچکی ہے اور اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم عالمی رینکنگ میں سرفہرست ہے تاہم پہلی ٹیمیں ویسٹ انڈیز آسٹریلیا اور سری لنکا ایک سو اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں۔

افغانستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف دو صفر سے سیریز جیت کر ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

افغانستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیت کر عالمی ون ڈے رینکنگ میں بھی دسویں نمبر پر آگئی ہے۔

افغانستان کے اوپنر محمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی کی بیٹنگ رینکنگ میں بیسویں سے آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بولنگ میں دولت زدران بھی آٹھویں نمبر پر ہیں۔ پہلے ان کی رینکنگ چودہویں تھی۔

اسی بارے میں