کوہلی اور آسٹریلیا کے نئے عالمی ریکارڈز

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ویراٹ کوہلی نے اپنے کریئر کی 161 ویں اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا

بھارت کے معروف بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے ایک روزہ کرکٹ میچوں میں تیز ترین 7,000 رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

ادھر آسٹریلیا نے بھی ہوم گراونڈ پر لگا تار فتوحات کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف بھارت کو مسلسل تیسری شکست

روہت شرما کی دوسری سینچری، آسٹریلیا کی دوسری جیت

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ویراٹ کوہلی نے اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں 117 رنز بنائے۔

کوہلی نے اسی اننگز کے دوران ایک روزہ کرکٹ میں 7,000 مکمل کیے اور سب سے کم اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دینے والے کھلاڑی بن گئے۔

انھوں نے اپنے کریئر کی 161 ویں اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔ اس سے پہلے یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کے پاس تھا جنھوں نے 166 ویں اننگز میں 7,000 رنز بنائے تھے۔

خبر رساں ادارے روئیٹرز کے مطابق 27 سالہ بھارتی بیٹسمین اب تک 24 سنچریوں کی مدد سے 7,098 رنز بنا چکے ہیں۔

کرکٹ کی مقبول ویب سائیٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت کو میلبرن میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر ہوم گراؤنڈ پر لگا تار 17 فتوحات کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ مشترکہ طور پر ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیموں کے پاس تھا جنھوں نے اپنے ہوم گراونڈ پر لگاتار 16 فتوحات حاصل کی تھیں۔

ویسٹ انڈیز نے سنہ 1986 سے سنہ 1990 کے دوران جبکہ سری لنکا نے سنہ 1996 سے سنہ 1998 کے عرصے میں ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے لگاتار 16 میچوں میں فتح اپنے نام کی تھی۔

اسی بارے میں