چندرپال نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ویسٹ انڈیز کےمشہور بیٹسمین شونارائن چندرپال نے 41 برس کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

گیانا سے تعلق رکھنے والے شیونارائن چندرپال نے اپنے 22 سالہ کیرئر میں 164 ٹیسٹ کھیلے اور 11867 رنز بنائے۔شونارائن چندرپال نے اپنا آخری میچ مئی 2015 میں کھیلا تھا۔

شونارائن چندرپال ویسٹ انڈیز کے ریکارڈ ساز بیٹسمین برائن لارا کے سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ سے صرف 45 رنز دور تھے۔ برائن لارا 11912 رنز کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔

شونارائن چندر پال نے جو اپنے انوکھے بیٹنگ سٹائل کی وجہ سے مشہور تھے، 164 ٹیسٹ میچوں میں 51.37 رنز کی اوسط سے 11867 رنز بنائے۔ انھوں نے 268 ایک روزہ میچوں میں 41.60 رنز کی ا وسط سے 8778 رنز سکور کیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

چندرپال نے ٹیسٹ میچوں میں 30 سنچریاں، 66 نصف سنچریاں سکور کیں اور پانچ ورلڈ کپ ٹورنامنٹوں میں بھی شرکت کی۔

چندر پال کئی بار آئی سی سی کی بیٹسمنوں کی رینکنگ میں ٹاپ پر رہے۔

عالمی سطح پر چندر پال سے زیادہ رنز صرف سات بیٹسمینوں نے بنائے جن میں سچن تندولکر، رکی پونٹنگ، ژاک کیلس، راہول ڈروڈ، کمار سنگاکارا، اور برائن لارا شامل ہیں۔