سری لنکا کے خلاف بھارتی ٹیم کا اعلان، کوہلی کو آرام

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ورات کوہلی کو ورلڈ کپ سے پہلے آرام دیا گيا ہے

سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی -20 سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں وراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف نو فروری سے شروع ہونے والی اس سیریز میں مہندر سنگھ دھونی ہی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کوہلی کامیاب ترین کھلاڑی رہے تھے لیکن سلیکٹروں نے انھیں آئندہ ماہ ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیم میں دہلی کے بائیں ہاتھ کے بولر پون نیگی کو شامل کیا گیا ہے، وہ اس سے قبل آئی پی ایل میں چینّئی سوپر کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

فاسٹر بولر بھونیشور کمار جو آسٹریلیا کے خلاف چوٹ کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت نہ کرسکے تھے انھیں بھی ٹیم میں رکھا گیا ہے۔

بھارتی ٹیم اس طرح ہے: ایم ایس دھونی (کپتان)، روہت شرما، شکھر دھون، اجنکیا رہانے، منیش پانڈے، سریش رینا، یوراج سنگھ، ہاردک پانڈیا، روندر جڈیجہ، آر اشون، جسپريت بمرا، اشیش نہرا، ہربھجن سنگھ، بھونیشور کمار اور پون نیگی۔

سری لنکا کے خلاف بھارتی خاتون ٹیم بھی ون ڈے اور ٹی -20 سریز کھیلے گی۔

اسی بارے میں