نیمار پر برازیل میں بھی دھوکہ دہی کے الزامات

تصویر کے کاپی رائٹ none
Image caption نیمار کے ساتھ ان کے والد بھی تھے جو ان کے ایجنٹ کے طور پر منگل کو عدالت میں پیش ہوئے تھے

برازیل میں استغاثہ نے قومی فٹبال ٹیم کے رکن نیمار اور ان کے والد کے خلاف ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے معاملات میں فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

یہ فیصلہ ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا میں اپنی منتقلی کے حوالے سے نیمار کی فراڈ کے ہی الزامات کے تحت سپین کی ایک عدالت میں پیشی کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

برازیلی حکام نے نیمار کے چار کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے اثاثے بھی منجمد کر دیے ہیں تاہم نیمار اور ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے کوئی دھوکہ دہی نہیں کی۔

برازیلی حکام نے نیمار پر یہ الزام لگایا ہے کہ انھوں نے ٹیکس بچانے کے لیے کئی فرضی کمپنیوں کا استعمال کیا۔

حکام کے مطابق نیمار کے خلاف ٹیکس بچانے اور دھوکہ دہی کے الزامات 2006 سے 2013 کے درمیان کے ہیں اور یہ سپین میں ان کے خلاف جاری مقدمے سے مختلف ہیں۔

سپین میں استغاثہ کا موقف ہے کہ نیمار، ان کے خاندان اور بارسلونا فٹبال کلب نے گذشتہ ستمبر میں برازیلی کلب سینٹوس سے ان کی ہسپانوی کلب کو منتقلی کے سلسلے میں دی جانے والی اصل رقم ظاہر نہیں کی۔

بارسلونا کا کہنا ہے کہ اس نے سنہ 2013 میں نیمار کو پانچ کروڑ 71 لاکھ یورو ادا کیے تھے جس میں چار کروڑ یورو ان کے والدین جبکہ 71 لاکھ یورو برازیل کلب سینٹوس نے وصول کیے تھے۔

تاہم تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ بارسلونا نے نیمار کو پانچ کروڑ 71 لاکھ یورو نہیں بلکہ آٹھ کروڑ، 30 لاکھ یورو ادا کیے تھے اور بارسلونا کلب نے اس معاہدے کے کچھ حصے کو پوشیدہ رکھا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 23 سالہ نیمار نے سنہ 2015 میں بارسلونا کو پانچ ٹرافیاں جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا

نیمار منگل کو ہسپانوی عدالت میں جج کے سامنے ایک گھنٹہ اور 30 منٹ کے لیے پیش ہوئے۔

نیمار کے ساتھ ان کے والد بھی تھے جو ان کے ایجنٹ کے طور پر منگل کو عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

برازیل میں سرمایہ کاری کی ایک فرم ڈی آئی ایس اس مقدمے کو سامنے لائی ہے۔

ڈی آئی ایس کے پاس برازیل کے کھلاڑیوں کی ٹرانسفر کے 40 فیصد حقوق ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ اسے دھوکہ دہی سے لاکھوں یورو کا نقصان پہنچایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق نیمار کو بارسلونا نے 2013 میں پانچ کروڑ 71 لاکھ یورو کے عوض سائن کیا تھا اور انھوں نے اپنے شاندار کھیل سے بارسلونا کو اس سیزن کی چیمپیئن لیگ اور لالیگا میں کامیابی بھی دلائی تھی۔

23 سالہ نیمار نے سنہ 2015 میں بارسلونا کو پانچ ٹرافیاں جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اسی بارے میں