’انگلینڈ ٹی20 کا عالمی کپ جیت سکتا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے اب تک 126 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں

انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کےکپتان ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ انگلینڈ آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والا ٹی20 کا عالمی کپ جیت سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹی20 ٹیم میں جو روٹ، بین سٹوکس اور جوز بٹلر جیسے میچ جتوانے والے کھلاڑی موجود ہیں۔

ایلسٹر کک نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ انگلینڈ کے پاس اب ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو تنِ تنہا ہی میچ جتوا سکتے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے مطابق انگلینڈ کے پاس کسی بھی دوسری ٹیم کے مقابلے میں ٹی20 کا عالمی کپ جیتنے کا زیادہ موقع ہے کیونکہ یہ بہت خطرناک کھلاڑی ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایلسٹر کک کے مطابق ٹی20 کرکٹ میں ہمیشہ قسمت کا دخل ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ٹی20 کی بہترین ٹیم ہی ٹورنامنٹ کی فاتح ہوتی ہے کیونکہ یہ ایک مختصر عرصے کا فارمیٹ ہوتا ہے جس میں صرف ایک ہی ٹیم کو اعتماد ملتا ہے اور وہ جیت جاتی ہے۔

انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے بدھ کو ٹی20 کے سکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں آل راؤنڈر لیام ڈاسن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کی موجودہ ایک روزہ ٹیم نے 2015 کے عالمی کپ میں بد ترین کارکردگی کے بعد ڈرامائی طور پر اپنی کارکردگی بہتر بنائی ہے۔

ایئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم نے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اسے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس کی سنہ 2012 میں ریٹائرمنٹ کے بعد انگلینڈ نے ایلسٹر کک کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ایک سے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے اب تک 126 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھارت کے معروف بیٹسمین سچن تندولکر کا ہے جنھوں نے سنہ 2013 میں ریٹائرمنٹ سے پہلے 200 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔

ایلسٹر کک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کی جانب سے 200 ٹیسٹ میچ کھیلنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا: ’مجھے کسی نے بتایا ہے کہ اگر انگلینڈ سری لنکا اور پاکستان کے خلاف آنے والی ٹیسٹ سیریز جیت لے تو ہمارے پاس تمام ٹیسٹ ٹرافیاں اکٹھی ہو جائیں گی جو بہت بڑی کامیابی ہو گی۔‘

اسی بارے میں