شرجیل اور سمیع پاکستانی ٹی 20 سکواڈ میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ PSL
Image caption شرجیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے دس میچوں میں 287 رنز بنائے ہیں

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز شرجیل خان اور فاسٹ بولر محمد سمیع کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

یہ دونوں ہی کھلاڑی پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے ہیں اور اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچانے میں ان کا کردار کلیدی رہا ہے۔

محمد سمیع نے دوسرے پلے آف میچ میں آٹھ رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کراپنی ٹیم کو فتح یاب کروایا تھا جبکہ شرجیل خان نے ناک آؤٹ میچ میں پشاور زلمی کے خلاف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

سمیع نے اب تک اسلام آباد کے لیے لیگ میں چھ میچ کھیل کر 11 وکٹیں لی ہیں جبکہ شرجیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے دس میچوں میں 287 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق محمد سمیع رومان رئیس اور شرجیل خان بابر اعظم کی جگہ سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ رومان اور بابر دونوں زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل کے دوران اپنی بائیں کلائی تڑوا بیٹھے ہیں اور ڈاکٹروں نے انھیں تین سے چار ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ رومان رئیس ہیمسٹرنگ کی وجہ سے میدان میں اترنے کے لیے مکمل فٹ نہیں۔

ان دونوں کے علاوہ ہی پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے بلے باز خالد لطیف کو بھی ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے پاکستانی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PCB
Image caption محمد سمیع (بائیں) نے اب تک اسلام آباد کے لیے لیگ میں چھ میچ کھیل کر 11 وکٹیں لی ہیں

اس سلسلے میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے کوچ وقار یونس اور کپتان شاہد آفریدی سے مشاورت کے بعد شرجیل اور سمیع کو ورلڈ ٹی 20 اور ایشیا کپ کے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔

خالد لطیف کی شمولیت پر ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان کے پاس آٹھ مارچ تک ورلڈ ٹی 20 کے اعلان کردہ سکواڈ میں تبدیلی کا موقع تھا اور اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خالد لطیف کو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر افتخار احمد کی جگہ سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خالد لطیف نے پی ایس ایل میں اب تک 190 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں ہی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپنر محمد نواز پہلے ہی ورلڈ ٹی 20 اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں جگہ بنا چکے ہیں۔

اسی بارے میں