ایشیا کپ: بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بنگلہ دیش میں ٹی 20 کرکٹ کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

بھارت نے بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 121 بنا سکی۔

تفصیلی سکور کارڈ

تیسرے اوور میں نہرا نے بھارت کو کامیابی دلوائی جب انھوں نے متھن کو بولڈ کیا۔

اگلے ہی اوور میں بنگلہ دیش کی ایک اور وکٹ گری۔ بومرا نے سومیا سرکار کو 11 رنز پر آؤٹ کیا۔

10 ویں اوور میں بھارت کو ایک اور کامیابی ملی جب قیس 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ اشون نہ حاصل کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بنگلہ دیش کی چوتھی وکٹ 13 ویں اوور میں گری جب شکیب رن آؤٹ ہو گئے۔

صابر رحمان جو کافی سیٹ ہو گئے تھے نے 31 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ ان کو پاندیا نے آؤٹ کیا۔

17 ویں اوور میں محمود اللہ سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ اس وقت گری جب مرتضیٰ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے نہرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے جن میں سے 83 رنز روہت شرما نے سکور کیے۔

بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دوسرے اوور میں ملی جب الامین حسین نے شیکھر دھون کو دو رنز پر آؤٹ کیا۔

پانچویں اوور میں بنگلہ دیش نے کوہلی کو آٹھ رنز پر آؤٹ کیا۔ ان کی وکٹ مشرفی مرتضیٰ نے لی۔

سریش رائنا بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 13 گیندوں میں 13 رنز بنائے اور ان کو محموداللہ نے آؤٹ کیا۔

یوراج سنگھ پراعتماد بیٹنگ نہیں کر سکے۔ انھوں نے 15 گیندوں میں 15 رنز بنائے اور شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

روہت شرما نے 54 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔ شکیب الحسن نے 11 ویں اوور میں تسکین کی گیند پر روہت کا کیچ ڈراپ کیا جب ان کا انفرادی سکور 35 تھا۔

بنگلہ دیش کو چھٹی کامیابی اس وقت ملی جب ہردیک پاندیا17 گیندوں میں 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر الامین حسین رہے جنھوں نے تین وکٹیں حال کیں۔

اس ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم اس میں شامل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بنگلہ دیش نے اس سے قبل بھارت اور پاکستان دونوں کو شکست دے رکھی ہے تاہم گذشتہ چھ ٹی 20 مقابلوں میں سے پانچ میں بھارت کامیاب رہا ہے۔

جہاں بھارت میں لوگوں کی نظر یوراج سنگھ پر ہوگی وہیں بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد اللہ اہم کردار ادا کر سکتے۔

بھارتی ٹیم ابھی تک فارم میں نظر آ رہی ہے اور اسے بے جان پچوں پر شکست دینا مشکل ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی ٹیم و مستفیض الرحمان بھی یا ہوں گے جنھوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کو مشکلات میں ڈال دیا تھا۔

اسی بارے میں