جیانی انفینٹینو فیفا کے نئے صدر منتخب

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption 45 سالہ جیانی انفینٹیانو کا تعلق سوئٹزر لینڈ سے ہے

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیانی انفینٹینو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

45 سالہ جیانی انفینٹینو یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ہیں۔

فیفا کے صدر کا انتخاب سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ انتخابات میں ہوا جن میں 207 ممالک سے فیفا کے مندوبین نے حصہ لیا۔

انتخاب کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار بھی واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

تاہم دوسرے مرحلے میں جیانی نے 115 ووٹ حاصل کیے جو ان کے قریب ترین حریف شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ سے 27 ووٹ زیادہ تھے۔

دوسرے مرحلے میں اردن کے پرنس علی الحسین کے حصے میں صرف چار ووٹ آئے جبکہ فرانس سے تعلق رکھنے والے جیروم شیمپئین کو کوئی ووٹ نہ ملا۔

تنظیم کے صدر کا عہدہ 79 سالہ سیپ بلیٹر کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوا تھا۔

سیپ بلیٹر جو 1998 سے فیفا کی صدارت پر فائز تھےگذشتہ برس اپنے عہدے سےعلیحدہ ہوئے تھے۔

فیفا کی ضابطۂ اخلاق کمیٹی نے سیپ بلیٹر اور ان کے قریبی مشیل پلاٹینی پر قواعد کی خلاف ورزی کے جرم میں چھ سال تک فٹبال سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

جیانی انفینٹیانو صرف اس وقت صدارتی دوڑ میں شامل ہوئے تھے جب یہ واضح ہوگیا تھا کہ مشیل پلاٹینی کو فیفا کا صدارتی الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ملے گی۔

اسی بارے میں