شعیب اور عمر کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان کی جیت

امجد جاوید تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption متحدہ عرب امارات کی طرف سے امجد جاوید نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں متحدہ عرب امارات 129 رنز کے جواب میں پاکستان نے 18.4 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر اپنا ہدف مکمل کر کے میچ سات وکٹ سے جیت لیا ہے۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات شعیب ملک اور عمر اکمل کی نصف سنچریاں تھیں۔ انھوں نے بالاترتیب 63 اور 50 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر محمد نوید کو چوکا لگا کر پاکستان کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا پہلا پوائنٹ دلوایا۔

17 کے سکور پر پاکستان کی تین وکٹیں گر چکی تھیں لیکن اس کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 114 رنز کی شراکت بنائی جو کہ ٹی ٹوئنٹی میں چوتھی وکٹ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔

پاکستان کی تینوں وکٹیں امارات کے امجد جاوید نے حاصل کیں۔ انھوں نے پہلے شرجیل خان کو ایل بھی ڈبلیو آؤٹ کیا اور اس کے فوراً بعد خرم منظور کو بھی صفر کے سکور پر آؤٹ کر ڈالا۔ محمد حفیظ بھی 11 رنز بنا کر چوتھے اوور کی پہلی گیند پر امجد جاوید کا شکار بنے۔

متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا کر پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 130 ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے بہت عمدہ گیندیں کیں اور چار اووروں میں چھ رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے اپنے پہلے سپیل میں دو اوور میں ایک رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔ محمد سمیع نے 28 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستانی بولروں میں محمد عرفان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور چار اووروں میں 30 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پاکستان کی طرف سے بولروں نے میچ کے آغاز میں ہی وکٹ حاصل کر لیے

امارات کی ٹیم کی طرف سے روشن مصطفیٰ اور محمد کلیم نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد کلیم محمد عامر کی بال پر بولڈ ہو گئے جبکہ دوسری طرف محمد سمیع کی گیند پر روشن مصطفیٰ کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ کپتان آفریدی نے لیا۔

متحدہ عرب امارات کی طرف سے شائمان انور نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ محمد عثمان 21 پر آؤٹ ہوئے اور امجد جاوید 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گئے تینوں ون ڈے انٹرنیشنل جیت رکھے ہیں۔

ایشیا کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ میں افغانستان کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں آئی ہے تاہم اسے ابھی تک اپنے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سری لنکا کے خلاف اسے صرف 14 رنز سے شکست ہوئی جبکہ بنگلہ دیش نے اسے 51 رنز سے ہرایا۔

ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے بنگلہ دیش کے بھی چار پوائنٹس ہیں تاہم اس نے تین میچز کھیلے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم میں ایشیائی کھلاڑیوں کی اکثریت ہے۔ ٹیم کے کپتان امجد جاوید اور کوچ عاقب جاوید دونوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اسی بارے میں