’افغان ٹیم کو آسان نہیں لے رہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption افغانستان پہلی مرتبہ ٹی 20 کپ کے سپر ٹین مرحلے میں کھیل رہی ہے

سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا ہےکہ افغانستان نے جس آسانی سے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی مد مقابل ٹیموں کو شکست دی اس کے پیش نظر وہ افغانستان ٹیم کو آسان نہیں لے رہے۔

میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کو اچھی کرکٹ کھیلنا پڑے گی۔

سری لنکا کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں میتھیوز نے کہا کہ ان کی ٹیم میں بہتری آ رہی ہے اور انھیں اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے۔

ٹی ٹوننٹی مقابلے

افغانستان کا ریکارڈ

  • کھیلے 44

  • جیتے 28

  • ہارے 16

جے وردھنے اور سنگاکارا کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انھوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی جگہ پر کرنا تو مشکل ہے لیکن ہمیشہ کوئی ٹیم میں نہیں رہتا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

افغانستان کے کپتان اصغر ستنکزئی نے میچ سے قبل کہا کہ ان کی نظریں بڑی ٹیموں کو ہرانے پر لگی ہوئی ہیں۔

افغانستان میں کرکٹ کی مقبولیت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ افغانستان کا سب سے بڑا کھیل بن گیا ہے اور لوگ افغان ٹیم کے سپر ٹین میں کوالیفائی کرنے پر بڑے خوش ہیں۔

ٹی ٹوننٹی مقابلے

سری لنکا کا ریکارڈ

  • کھیلے 80

  • جیتے 47

  • ہارے 31

  • ٹائی ہارے 1

  • بے نتیجہ 1

سری لنکا سے میچ پر پوچھے گئے ایک سوال پر ستنکزئی نے کہا کہ گذشتہ ورلڈ کپ میں انھوں نے سری لنکا کا سخت مقابلہ کیا تھا لیکن سنگا کارا اور جے وردھنے جیسے بڑے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہار گئے۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم میں اب زیادہ تر نئے کھلاڑی ہیں۔

اسی بارے میں