کوہلی کا عامر کو بیٹ کا تحفہ

تصویر کے کاپی رائٹ Other

پاکستان اور بھارت کی کرکٹ جب بھی ہوتی ہے میدان میں کرکٹرز کے جذبات شدت پر ہوتے ہیں اور وہ کسی سے بھی رو رعایت نہیں کرتے لیکن میدان سے باہر وہ ایک دوسرے سے تپاک سے ملتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میچ ہفتے کے روز کولکتہ میں کھیلا جانے والا ہے جس کے بارے میں بھارتی آف اسپنر ایشون نے کہہ دیا ہے کہ یہ کرکٹ سے بھی بڑھ کر معاملہ ہے لیکن جمعہ کے روز جب دونوں ٹیمیں ایڈن گارڈنز میں پریکٹس میں مصروف تھیں تو دونوں جانب سے خیرسگالی کے جذبات دیکھنے میں آئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

پاکستانی کپتان شاہد آفریدی میدان کی اس جانب گئے جہاں بھارتی ٹیم پریکٹس کررہی تھی اور انھوں نے بھارتی بیٹسمین ویراٹ کوہلی سے ہاتھ ملایا اور کچھ دیر بات کی اسی دوران ویراٹ کوہلی نے ایک کرکٹ بیٹ فاسٹ بولر محمد عامر کو تحفتاً دے کر انھیں خوشگوار حیرت سے دوچار کر دیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

ویراٹ کوہلی نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ کے بعد محمد عامر کی بہت تعریف کی تھی۔ محمد عامر کا کہنا ہے کہ ویراٹ کوہلی نے ایشیا کپ کے موقع پر ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں بیٹ کا تحفہ دیں گے جو انھوں نے مجھے آج دیا ہے۔میں اس پر بہت خوش ہوں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Other

یاد رہے کہ محمد عامر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں پانچ سالہ سزا پوری کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں اور واپسی کے بعد سے وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ کرکٹرز کی حمایت بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

اسی بارے میں