دورہ انٹرنیشنل الیون: آئی سی سی حکام کی پاکستان آمد

تصویر کے کاپی رائٹ ICC

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین جائلز کلارک اور آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جائلز کلارک پاکستانی کرکٹ کے لیے آئی سی سی کی قائم کردہ ٹاسک فورس کے سربراہ ہیں۔

ان کے دورے کا مقصد انٹرنیشنل الیون کے دورۂ پاکستان کی تفصیلات طے کرنا ہے۔ یہ دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا حصہ ہے۔

انٹرنیشنل الیون کا یہ دورہ اس سال پاکستانی ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے بعد متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ اگرچہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرچکی ہے لیکن ابھی تک کسی بڑی ٹیم نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔

بی بی سی کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ غیرملکی سکیورٹی ماہرین کی ایک ٹیم گزشتہ ماہ خاموشی سے پاکستان آکر سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے کر جاچکی ہے۔ جائلز کلارک اپنے دورے میں انٹرنیشنل الیون کے دورے کی تفصیلات طے کریں گے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جن کرکٹرز کو انٹرنیشنل الیون میں دیکھنا چاہتا ہے وہ بڑا معاوضہ طلب کر رہے ہیں اور جائلز کلارک کے اس دورے میں پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں کرکٹرز کے معاوضوں میں کمی کے لیے بھی کہے گا۔

اسی بارے میں