کوہلی پلیز سیمی فائنل میں اتنا اچھا نہ کھیلنا:گیل

ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین کرس گیل نے انڈین کھلاڑی وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم سیمی فائنل میں اپ سیٹ کے لیے تیار رہے۔

کرس گیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی کی فارم کوئی ’تعجب والی بات نہیں ہے‘ اور مذاق کرتے ہوئے کوہلی سے کہا کہ جمعرات کو ہونے والے سیمی فائنل میں اتنا اچھا نہ کھیلنا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ممبئی کے سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرس گیل نے کہا ’میں کئی بار پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ کوہلی ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے۔‘

انھوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا ’میں امید کر رہا ہوں کہ کوہلی پلیز اچھا نہ کھیلنا۔ وہ رن بنا سکتا ہے لیکن ہارنے کے لیے۔ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘

گیل نے اس بات پر زور دیا کہ ویسٹ انڈیز صرف وراٹ کوہلی پر ہی اپنی پوری توجہ نہیں دے گی۔ انڈین ٹیم میں بہت سے کھلاڑی ہیں جو میچ جتوا سکتے ہیں اور ان میں کوئی بھی عمدہ کھیل پیش کر سکتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’یہ بہت مشکل ہے کہ کسی ایک انڈین کھلاڑی کے بارے میں بات کی جائے۔ یہ ایک بہت عمدہ ٹیم ہے۔ اسی لیے انڈین ٹیم میری پسندیدہ ٹیم ہے۔ یہاں پر ان کو ہرانا مشکل ہو گا۔ لیکن جیسے کہ میں نے کہا ویسٹ انڈیز اپ سیٹ کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

36 سالہ کرس گیل نے کہا کہ وہ ’ذہنی طور‘ پر تیار ہیں اور دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیتنے کا عزم رکھتے ہیں۔‘

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے اوپنر آندرے فلیچر انجری کے باعث نہیں کھیل سکیں گے اور ان کی جگہ لینڈل سمنز کو آئی سی سی کی اجازت کے بعد سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں