سرفراز کے کپتان بننے پر انڈیا میں جشن

تصویر کے کاپی رائٹ Atul Chandra
Image caption وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد محبوب حسن صدیقی کی سگی بہن عقيلہ کے بیٹے ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد کوگذشتہ منگل کو جب پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنایاگیا تو انڈین ریاست اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ میں بھی اس کا جشن منایا گيا۔

اٹاوہ میں رہنے والے محبوب حسن صدیقی پاکستانی کپتان کے سگے ماموں ہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد محبوب حسن صدیقی کی سگی بہن عقيلہ کے بیٹے ہیں۔

محبوب حسن صدیقی اور ان کے اہل خانہ کو امید نہیں تھی کہ سرفراز احمد کو پاکستانی ٹیم میں اتنی اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔

انھوں نے کہا ’ہمیں اس کے کپتان بنائے جانے کی انتہائی خوشی ہے، امید نہیں تھی کہ ایسا ہوگا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Atul Chandra
Image caption سرفراز کے ایک چھوٹے بھائی عبد الرحمن پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے کپتان ہیں

جیسے ہی سرفراز کپتان بنائے گئے، محبوب حسن کی بہن نے فون کر کے ’خوشخبري دی۔ ہماری آنکھوں میں خوشی سے آنسو آ گئے۔‘

محبوب حسن اٹاوہ کی بھیم راؤ زرعی انجینئرنگ کالج میں سینئر کلرک ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ خبر ملتے ہی آس پڑوس کے لوگ ان کے گھر آنے لگے اور مٹھائیاں تقسیم ہونی شروع ہوگئیں۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال 19 مئی کو وہ سرفراز کی شادی میں کراچی گئے تھے۔ اس وقت بھی سرفراز کے مہاجر ہونے کی باتیں پاکستانی میڈیا کا موضوع تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کراچی سے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد بریانی کے شوقین ہیں اور انٹر پاس ہیں

سات بھائی بہنوں میں سرفراز تیسرے نمبر پر ہیں۔ سب سے بڑی بہن ہے اور پھر ایک بھائی کے بعد یہ تیسرے نمبر پر ہیں۔

سرفراز کے ایک چھوٹے بھائی عبد الرحمٰن پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے کپتان ہیں۔

محبوب حسن اور ان کی فیملی موہالی میں پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دیکھنے کے لیے گئے تھے جس کے لیے ’سرفراز نے ٹکٹ بھیجوایا تھے۔‘ تاہم پاکستان یہ میچ ہار گیا تھا۔

محبوب حسن موہالی میں سرفراز سے مل کر بہت خوش تھے۔ اس سے پہلے سرفراز سنہ 2007 میں ایک میچ میں گوالیار آئے تھے اور وہاں بھی محبوب حسن ان سے ملنے گئے تھے۔

اسی بارے میں