بارسلونا کی ٹیم گڑھے میں دھنسی ہوئی ہے: کوچ

ایٹلیٹیکو میڈرڈ تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی طرف سے دونوں گول اینٹونیو گریزمان نے کیے

بارسلونا کے کوچ لوئس اینریک کہتے ہیں کہ ان کا بارسلونا کی ٹیم اس وقت ایک ’گڑھے میں ہے‘ اور اس کے لیے گول کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ انھوں نے یہ بیان چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں کلب کی حیرت انگیز شکست کے بعد دیا۔

چیمپیئنز لیگ کے ٹائٹل ہولڈر بارسلونا کو حریف کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے ایگریگیٹ پر 3۔2 سے شکست دی، اس طرح وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے حصے کا میچ 2۔0 سے جیت گیا۔

انھوں نے کہا کہ ’ٹیم دکھی ہے۔ ہم اس وقت اپنی بہترین فارم میں نہیں، نہ ہی اپنی سب سے پُر اثر (فارم) میں۔‘

’اس کا 99.9 فیصد الزام مجھے جاتا ہے، بلکہ شاید 100 فیصد۔ اسی لیے میں کوچ ہوں، سب سے زیادہ ذمہ دار۔ ہم سب کو بہتری لانی ہے۔‘

وسانتے کالڈیرون سٹیڈیئم میں ہونے والے میچ میں ایٹلیٹیکو کی طرف سے دونوں گول اینٹونیو گریزمان نے کیے، جبکہ لائنل میسی مسلسل پانچویں میچ میں کوئی گول کرنے میں ناکام رہے۔

اینریک نے کہا: ’یہ صاف ظاہر ہے کہ ہم اپنی بہترین فارم میں نہیں ہیں، خصوصاً اگر آپ اس بات کو مدِ نظر رکھیں کہ ہم پہلے کس طرح کھیل رہے تھے، لیکن ہمیں اپنے کھیل کو بہتر بنانا ہے۔‘

یہ گذشتہ 11 برسوں میں صرف تین مرتبہ ہوا ہے کہ بارسلونا چیمپیئنز لیگ میں سیمی فائنل تک نہ پہنچی ہو۔

وہ لا لیگا میں ایٹلیٹیکو سے تین پوائنٹ آگے تھے لیکن اب وہ اپنے چار میچوں میں سے تین ہار چکے ہیں۔

’ہمیں پرسکون رہنا چاہیے اور سوچنا چاہیے کہ ہمارے پاس ابھی بھی دو ٹورنامنٹ باقی ہیں۔‘

اسی بارے میں