افغانستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق کو ریلیز کرنے پر تیار

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption انضمام الحق نے افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے سنہ 2015 میں ذمہ داریاں سھنبالیں تھیں

افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق ستانکزئی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے رابطہ کر کے انضمام الحق کو کنٹریکٹ سے ریلیز کرنے کی درخواست کی ہے۔

شفیق ستانکزئی نے کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے سنیچر کے روز انھیں فون کیا اور بتایا کہ وہ انضمام الحق کو سلیکٹر تعینات کرنا چاہتے ہیں اس لیے ان کی مدد کریں۔

انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان

انھوں نے کہا کہ ’اگرچہ دسمبر تک ان کا کنٹریکٹ موجود ہے، ہم محب وطن لوگ ہیں اور اگر پاکستان کو انضمام کی ضرورت ہے تو ہم اسے جانے دینے کے لیے تیار ہیں۔‘

خیال رہے کہ وہ اس وقت افغان کرکٹ بورڈ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سھنبالے ہوئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان اور انضمام الحق کے درمیان جمعہ کے روز لاہور میں ملاقات بھی ہوئی ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کو برخاست کر دیا تھا۔

انضمام الحق نے افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے سنہ 2015 میں ذمہ داریاں سھنبالیں تھیں جس کے بعد افغان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز جیتی تھی۔ جبکہ حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغان ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

اسی بارے میں