پاکستان برسبین میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گا

Image caption آسٹریلیا نے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلوی دورے میں جو تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی ان میں سے ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔

یہ میچ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کسی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں حصہ لے گی۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے آسٹریلوی دوروں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلوی دورے میں تین ٹیسٹ میچ برسبین، میلبرن اور سڈنی میں کھیلے گی ۔

واضح رہے کہ برسبین میں ٹیسٹ میچوں کے انعقاد کو اس سال 85 برس مکمل ہو رہے ہیں۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے لیکن جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹرز کو رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور وہ اس کے لیے تیار نہیں۔

تاہم کرکٹ آسٹریلیا کو توقع ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوجائے گی۔

اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ اس ہفتے دبئی میں جنوبی افریقی کرکٹ حکام سے ملاقات کر کے انہیں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

جیمز سدر لینڈ نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی حمایت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔

یہ تجربہ خاصا کامیاب رہا تھا جس کے بعد اب کرکٹ آسٹریلیا نے اس سیزن میں دو ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ رکھے ہیں۔

اسی بارے میں