ریاض محرز کے لیے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption الجیریا کے ریاض محرز سال کے بہترین کھلاڑی کی ٹرافی کے ساتھ

انگلش فٹبال کلب لیسٹر سٹی کے فٹبالر ریاض محرز کو پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن نے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے جبکہ ٹوٹینہم کے مڈ فیلڈر دیلے آلی سال کے ابھر تے ہوئے نوجوان کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

الجزائر سے تعلق رکھنے والے محرز نے رواں سیزن میں لیسٹرسٹی کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور 34 لیگ میچوں میں 17 گول کرنے کے علاوہ انھوں نے 11 گول کرنے میں تعاون بھی کیا ہے۔

لیسٹر پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں سرفہرست ہے اور اسے اس سال یہ ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

بہترین فٹبالر کے ایوارڈ کے لیے 25 سالہ محرز کا مقابلہ ٹوٹینہم کے فارورڈ ہیری کین، آرسنل کے میسوٹ اوزل، ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے مڈ فیلڈر ڈمیٹری پایٹ اور اپنے ساتھ کھلاڑی جیمی ورڈی اور اینگولو کانٹے سے تھا۔

محرز کو یہ انعام لندن کے گروزوینر ہوٹل میں اتوار کی شب منعقدہ تقریب میں دیا گيا۔

Image caption انھوں نے موجودہ لیگ میں 17 گول کیے

اس موقعے پر محرز نے کہا: ’اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے تعاون کے بغیر میں یہ ایوارڈ حاصل نہیں کر پاتا۔‘

اس کے ساتھ ہی انھوں نے اپنے مینیجر اور سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے بغیر وہ یہ حاصل نہیں کر پاتے۔ انھوں نے اپنی جیت کو ٹیم کے نام معنون کیا۔

انھوں نے مزید کہا: ’یہ ایوارڈ میرے لیے مزید مخصوص اس لیے ہے کہ اس کے لیے کھلاڑی ووٹ کرتے ہیں جس کامطلب یہ ہے کہ انھوں نے میرا کھیل دیکھا کہ میں رواں سال بہتر تھا اور میں خوش ہوں۔‘

اسی تقریب میں مانچسٹر سٹی کی خاتون کھلاڑی ازّی کرسٹیئنسین کو سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سنڈرلینڈ کی 20 سالہ بیتھ میڈ کو ابھرتی ہوئی نوجوان کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

اسی بارے میں