کوشل سلوا سر پر گیند لگنے سے زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption کوشک سلوا اب تک 24 ٹیسٹ میچوں میں 31 کے اوسط سے 1,404 رنز بنا چکے ہیں

سری لنکا کے اوپننگ بلے باز کوشل سلوا کو سر پر گیند لگنے کے بعد ہسپتال پہنچایا گیاہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

یہ واقعہ اتوار کو ایک ڈومیسٹک میچ میں فیلڈنگ کے دوران پیش آیا۔

سری لنکا کرکٹ کا کہنا تھا کہ پالیکیلے میں کوشل سلوا کو میچ کے دوران سر پر چوٹ لگی۔

ہسپتال میں طبی معائنے میں ان کے سکین صحیح رہے لیکن اس کے باوجود انھیں دیگر ٹیسٹ کی خاطر کولمبو کے ہسپتال لے جایا گیا۔

کوشک سلوا اب تک 24 ٹیسٹ میچوں میں 31 کے اوسط سے 1,404 رنز بنا چکے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرانفو نے سری لنکن ٹیم کے مینجر چارتھ سینانیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ جب انھیں گیند لگی وہ شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کر رہے تھے۔‘

سینانائیکے کے مطابق سری لنکن نائب کپتان دنیش چندیمل نے ’ کوشل کے سر کے نزدیک سویپ کیا اور انھوں نے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی لیکن پھر بھی گیند سر پر لگ گئی۔‘

ویب سائٹ کے مطابق سلوا نے جدید پیڈنگ والا ہیلمٹ پہننا ہوا تھا جو آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز کی ہلاکت کے بعد متعارف کروایا گیا تھا۔

آسٹریلوی کھلاڑی فلپ ہیوز کی موت نومبر 2014 میں سر پر گیند لگنے کے بعد ہوئی تھی ۔

اتوار کو کھیلا گیا میچ سری لنکن ٹیم کا اگلے مہینے انگلینڈ کے دورے سے پہلے تیاری کا حصہ تھا۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سریز کا پہلا میچ ہیڈنگلے میں 19 مئی کو شروع ہوگا۔

اسی بارے میں