میچ برابر، لیسٹر کو چمپیئن بننے کے لیے انتظار کرنا پڑے گا

Image caption اس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے

اتوار کو پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیسٹر سٹی کے مابین کھیلے جانے والے ایک اہم میچ میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

اس میچ کو ایک تاریخی میچ قرار دیا جارہا تھا کیونکہ اگر لیسٹر اس میں فاتح ہوتا تو وہ اپنی 132 سالہ تاریخ میں پہلی بار پریمیئر لیگ یعنی برطانیہ کی سب سے اہم فٹبال لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیتا۔

لیکن اب چمپیئن بننے کے لیے لیسٹر کو کم از کم مزید ایک روز کا انتظار کرنا پڑے گا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے اینتھونی مارشل نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی لیکن صرف نو منٹ بعد لیسٹر کےویس مورگن نے گول کرکے مقابلہ برار کر دیا۔

خیال رہے کے لیسٹر کے قریبی حریف ٹوٹنہم کا پیر کو چیلسی سے مقابلہ ہے اگر ٹوٹنہم جیتنے میں ناکام رہتا ہے تو لیسٹر پریمیئر لیگ کا چمپیئن بن جائے گا۔

مانچسٹر یونائٹیڈ کے خلاف میچ میں لیسٹر کے سٹار کھلاڑی جیمی وارڈی پابندی کے باعث نہیں کھیل پائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption لیسٹر کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت تقریباً سات ملین پاونڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاونڈ ہے

جیمی وارڈی نے ٹوٹنہم کےخلاف میچ میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے پر جس رویے کا مظاہرہ کیا تھا اس کی وجہ سے ان پر دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لیسٹر سٹی فٹ بال کلب ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے دھانے پر ہے۔

اس برس پریمیئر لیگ میں لیسٹر سٹی کی شاندار کاکردگی شائقینِ فٹبال کےلیے خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے۔

خیال رہے کہ لیسٹر کا شمار پریمیئر لیگ کے بڑے اور مہنگے کلبوں میں نہیں ہوتا۔گزشتہ برس کلب کی کارکردگی کافی مایوس کن تھی اور عام خیال کیا جا رہا تھا کہ کلب پریمیئر لیگ سے نکل جائےگا۔

ایک اندازے کے مطابق لیسٹر سٹی کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مالیت تقریباً سات ملین پاونڈ ہے جبکہ اس کی کچھ حریف ٹیموں کی مالیت کئی سو ملین پاونڈ ہے۔

اسی بارے میں