’عامر خان الواریس کینیلو کو شکست دے سکتے ہیں‘

Image caption لویس کے بقول عامر ایک زبردست باکسر ہے

معروف برطانوی باکسر لینکس لویس کا کہنا ہے کہ اگر عامر خان اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلتے ہیں تو یہ ممکن ہے کہ سنیچر کو ہونے والے مقابلے میں وہ ساؤل کینیلو الواریس کو شکست دے دیں۔

29 سالہ عامر خان نے اس مقابلے میں خود سے دو درجہ زیادہ وزنی باکسر الواریس کو چیلنج کیا ہے۔

’کینیلو سے طاقت کم ہے، لیکن رفتار سے ہرا سکتا ہوں‘

اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے تسلیم کیا تھا کہ سنیچر کے روز لاس ویگس میں میکسیکو کے باکسر ساؤل کینیلو الواریس سے ہونے والے مقابلے میں وہ فیورٹ نہیں ہیں اور ان کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ اپنے حریف کو کوئی خاص چوٹ پہنچا سکیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے لویس کا کہنا تھا کہ اگر عامر سادہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں تووہ جیت سکتے ہیں۔

لویس کے بقول ’عامر ایک زبردست باکسر ہے، ان کو کینیلو کے سامنے اپنی موومنٹ کو کنٹرول کرنا ہوگا اور غیر ضروری طور پر رنگ میں بھاگنے سے گریز کرنا ہوگا۔‘

Image caption 29 سالہ عامر خان نے اس مقابلے میں اپنے سے زیادہ وزن والے باکسر الواریس کو چیلنج کیا ہے

لویس کا مزید کہنا ہے کہ ’ عامر اکیلے نہیں لڑ رہے بلکہ ان کے ٹرینر بھی اس مقابلے میں شامل ہیں جو ان کو یاد دلاتے رہیں گے کہ گیم پلان کے مطابق مقابلہ کیا جائے۔‘

’مجھے فکر ہے کہ اگر عامر کو زوردار مکا لگا تو کیا ہوگا لیکن وہ پہلے بھی مقابلوں میں ایسی صورتحال سے گزر چکے ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ ایسی صورتحال پر قابو پا لیں گے۔‘

خیال رہے کہ عامر خان اپنے 25 سالہ مد مقابل الواریس سے جسمانی طور پر کافی کمزور اور کم وزن کے ہیں۔ الواریس ابھی تک صرف مےویدر سے ہارے ہیں۔

عامر کہتے ہیں: ’میرا جیتنا لازمی نہیں ہے لیکن امید ہے کہ جیت سکتا ہوں۔ پہلی بار مجھے کسی فائٹ کے لیے کمزور بتایا جا رہا ہے لیکن یہی چیز اس مقابلے کو دلچسپ بناتی ہے، میں بہت سے لوگوں کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہوں۔‘

اسی بارے میں