مرینیو کے مانچسٹر یونائیٹڈ سے مذاکرات کامیاب

تصویر کے کاپی رائٹ PA

انگلینڈ کے مشہور فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے تین دن کے مذاکرات کے بعد پرتگال سے تعلق رکھنے والے ہوزے مرینیو کو کلب کا نیا مینیجر مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

مرینیو کے ایجنٹ جارج مینڈس اور کلب کے سینیئر حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے ہیں۔

٭ ’مرینیو مانچسٹر یونائیٹڈ میں دوبارہ روح پھونک دیں گے‘

٭ مرینیو مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے مینیجر ہوں گے

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے مرینیو کے ساتھ معاہدے کا باقاعدہ اعلان جمعے کو متوقع ہے۔

مرینیو مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مینیجر لوئی وین گال کی جگہ لیں گے جنھیں پیر کو کلب کی جانب سے ایف اے کپ جیتنے کے دو روز بعد برطرف کر دیا گیا تھا۔

بی بی سی نے اتوار کو مانچسٹر یونائیٹڈ کی کرسٹل پیلس کے خلاف فتح کے ایک گھنٹے کے اندر خبر دی تھی کہ لوئس وین گال کو برطرف کر کے مرینیو کو کلب کا مینیجر بنایا جائے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ اور مرینیو کے درمیان مذاکرات منگل کو شروع ہوئے تھے اور بالآخر جمعرات کو کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئے۔

53 سالہ مرینیو اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان تین سالہ معاہدے پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔

مانچسٹر یونائٹیڈ کے سابق گول کیپر پیٹر شومائیکل اور ہل سٹی کے باس سٹیو بروس نے پرتگالی کوچ ہوزے میرینو کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا ہے۔

مرینیو فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کوچوں میں سے ایک رہے ہیں۔

انھوں نے سٹیمفرڈ برج میں کوچنگ کرتے ہوئے چیلسی کو دو مرتبہ پریمیئر لیگ جتوائی، جب کہ وہ پورٹو اور انٹرمیلان کو بھی چیمپیئنز لیگ جتوا چکے ہیں۔

اسی بارے میں