سری لنکا کی بیٹنگ پھر ناکام، انگلینڈ کو برتری حاصل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کرس ووکس نےعمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں

لارڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھے۔

اس طرح انگلینڈ کو سری لنکا پر 237 رنز کی بڑی برتری حاصل ہو گئی ہے اور اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں قدرے بہتر آغاز کے باوجود صرف 288 رنز ہی بنا سکی۔ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 162 رنز بنائے تھے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

سنیچر کو جب میچ کے تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز 41 اور سٹیون فن چھ رنز پر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو لندن کے ابر آلود موسم کی وجہ سےسری لنکا کے بیسٹمینوں کو انگلینڈ کے فاسٹ بولروں کو کھیلنےمیں دشواری پیش آ رہی تھی۔

سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں اور کھانے کے وقفے کے بعد پوری ٹیم 288 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 128 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کوشال سلوا نے 79 کی عمدہ اننگز کھیلی

سری لنکا کی تمام وکٹیں فاسٹ بولروں نے حاصل کیں۔ کرس ووکس اور سٹیفن نے تین تین جبکہ جیمز اینڈرسن اور سٹیو براڈ کے حصہ میں دو دو وکٹیں آئیں۔

سری لنکا کی جانب سے کشال سلوا سب سے کامیاب بیٹسمین رہے اور انھوں نے 79 رنز بنائے۔ سری لنکا کے کپتان میتھوز جم کر بیٹنگ نہ کر سکے اور صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 416 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات جونی بیئر سٹو کی شاندار سنچری تھی۔ انھوں نے 167 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ان کے علاوہ بڑے سکور کرنے والے ووکس تھے جو 66 رنز بنا کر ہیرات کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئر سٹو اور کرس ووکس نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تھا۔

انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption وکٹ کیپر جانی بیرسٹو نے 167 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی

انگلینڈ کی جانب سے کپتان ایلسٹر کک نے نو چوکوں کی مدد سے 85 جب کہ جونی بیئر سٹو نے 107 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے رنگانی ہیرات نے چار، سرنگا لکمال نے تین، نوان پردیب نے دو جبکہ ایرانگا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسی بارے میں