یورو کے گروپ سی میں جرمنی اور پولینڈ کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایرک مِلِک کے واحد گول کی بدولت پولینڈ کو کامیابی حاصل ہوئی

فرانس میں کھیلے جانے والی یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کے گروپ سی میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچوں میں جرمنی اور پولینڈ کی ٹیمیں فتح یاب ہوئی ہیں۔

شمالی آئرلینڈ اور پولینڈ کے درمیان میچ فرانس کے شہر نیس میں واقع فٹبال سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

میچ کے آغاز سے ہی پولینڈ نے شمالی آئر لینڈ کے مقابلے میں نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن شمالی آئرلینڈ کے بہترین دفاع کی وجہ سے پولینڈ کی ٹیم گول کرنے میں کامیابی نہیں ہو سکی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ صفر صفر سے برابر تھا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں کھیل کے 51ویں منٹ میں آرکدیوس مِلِک نے گول کر کے پولینڈ کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ نے یورو مقابلوں میں اپنا پہلا میچ جیتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption انجری ٹائم میں شوائنسٹائیگر نے جرمنی کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

گروپ سی کے ہی دوسرے میچ میں عالمی چیمپیئن جرمنی نے یوکرین کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی ہے۔

جرمنی کی ٹیم نے اس میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔

جرمن ٹیم کے لیے پہلا گول میچ کے 19ویں منٹ میں شکودران مصطفی نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا اور ایک گول کی یہ برتری مقررہ وقت کے اختتام تک قائم تھی۔

انجری ٹائم میں شوائنسٹائیگر نے جرمنی کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

جرمنی کی ٹیم جمعرات کو پیرس میں پولینڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلے گا جبکہ اسی دن لیون میں یوکرین کا مقابلہ شمالی آئرلینڈ سے ہو گا۔

اسی بارے میں