یورو 2016: کروئیشیا نے ترکی کو ایک گول سے شکست دے دی

تصویر کے کاپی رائٹ AP

یورو فٹبال چیمپیئن شپ 2016 کے سلسلے میں ترکی اور کروئیشیا کے مابین کھیلے جانے والا میچ کروئیشیا نے ایک صفر سے جیت لیا ہے۔

میچ کا واحد گول کروئیشیا کے لوکا ماڈرک نے پہلے ہاف کے 41 ویں منٹ میں کیا۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے جاحارنہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ترک ٹیم نے دوسرے ہاف میں میچ برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن کروئیشیا کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔

ترکی اور کروئیشیا کے درمیان یہ میچ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع فٹبال سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور فارم سے آ رہی ہیں اور آج دونوں ٹیموں کی کوشش تھی کہ یورو 2016 کا آغاز فتح سے کیا جائے۔

تاہم آج کروئیشیا کی جانب سے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوے یہ میچ انھوں نے اپنے نام کر لیا۔

کروئیشیا کی ٹیم گذشتہ برس ستمبر سے ناقابلِ شکست ہے اور حال ہی میں اس نے سین مرینو کی ٹیم کو دس صفر سے شکست دی ہے۔

کروئیشیا کی ٹیم پانچویں بار یورو چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہی ہے۔ سنہ 2000 میں کروئیشیا یوروز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی۔

دوسری جانب ترکی کی ٹیم نے چوتھی بار یوروچیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ترک ٹیم نے کوالیفائنگ روانڈ کے آخری پانچ میں سے چار میچوں میں فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ کو یقینی بنایا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب ترکی کی ٹیم کوئی بڑا ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے۔

سنہ 2008 کی یورو چیمپیئن شپ میں ترکی سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا ۔کواٹر فائنل میں ترکی نے کروئیشیا کو ہی شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

اسی بارے میں