کوپا امریکہ میں اپ سیٹ، برازیل ابتدائی راؤنڈ میں باہر

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

فٹبال کا پانچ بار عالمی چیمپیئن رہنے والا ملک برازیل کوپا امریکہ کپ کے گروپ راؤنڈ میں پیرو سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

30 برس میں پہلی بار برازیل کوپا کپ کے گروپ مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے نکل گیا ہے۔

برازیل نے پیرو کے خلاف کھیلے جانے والے آخری 16 میچوں میں فاتح رہا لیکن اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں اسے پیرو کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ گول میچ کے 75ویں منٹ میں پیرو کے متبادل کھلاڑی نے کیا اور برازیل اس خسارے کو میچ کے اختتام تک برابر نہیں کر سکا۔

میچ میں برازیل نے ریفری کی جانب سے گول دینے کے فیصلے پر احتجاج بھی کیا کیونکہ ٹیم کا موقف تھا کہ پیرو کے کھلاڑی رویدیز نے فٹبال کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے بازو کا استعمال کیا اس پر ریفری نے چوتھے آفیشل سے رابط کیا تاہم اس نے بھی گول دینے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

اس سے پہلے کھیلے جانے والے میچوں میں برازیل ایکواڈور کے خلاف گول کرنے میں ناکام رہا تھا۔

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد برازیلی ٹیم کے مینیجر ڈونگا نے نوکری ختم ہونے کے خدشے کے بارے میں کہا:’میں صرف موت سے ڈرتا ہوں اور میں اس سے خوفزدہ نہیں ہوں۔‘

ان کے مطابق ’جب آپ برازیل کی قومی ٹیم کے لیے کام کرتے ہیں تو آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ نتائج نہ دینے پر تنقید بڑھے گی لیکن اندر سے آپ جانتے ہیں کہ ہم کیا کر رہے ہیں۔‘

اسی بارے میں