آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز فاتح

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کیرون پولارڈ نے جیت کا رن حاصل کرنے کے بعد فتح کا جشن اس طرح منایا

ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 98 رنز بنائے جبکہ کپتان سٹیون سمتھ نے 74 اور جارج بیلی نے 55 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھویٹ اور کیرون پولارڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم نے مقرر ہدف 45 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شروع کے سارے کھلاڑیوں نے کچھ نہ کچھ رنز کا تعاون کیا لیکن سیموئلز نے سب سے زیادہ 92 رنز بنائے اور وہ بھی عثمان خواجہ کی طرح رن آوٹ ہوئے۔ بہر حال انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسرا بڑا سکور اوپنر جانسن چارلس کا تھا۔ انھوں نے 48 رنز بنائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption عثمان خواجہ سنچری بنانے سے چوک گئے اور 98 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے

خیال رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نہیں تھے اور ان کی جگہ عثمان خواجہ نے اوپننگ کی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل اور ایڈم زیمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ جیمز فاکنر کے حصے میں آئی۔

اب تک ہونے والے ميچز میں آسٹریلیا کو چار میں سے دو میچوں میں کامیابی ملی ہے اور ویسٹ انڈیز کو تین ميچز میں سے دو میں کامیابی ملی ہے جبکہ تیسری ٹیم جنوبی افریقہ صرف ایک میچ جیت سکی ہے۔

چھٹا میچ 15 جون کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا جبکہ فائنل 26 جون کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں