انگلینڈ اور ویلز یورو کے ناک آؤٹ مرحلے میں

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption انگلینڈ نے پورے میچ میں گرفت مضبوط رکھی لیکن گول کرنے میں ناکام رہے

فرانس میں جاری یورو 2016 فٹبال مقابلوں میں انگلینڈ اور ویلز کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔

پیر کو انگلینڈ اور سلوواکیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ ایک اور میچ میں ویلز نے روس کو تین صفر سے ہرا دیا۔

ویلز کی فتح نے اسے گروپ بی میں پہلی پوزیشن دلوا دی جبکہ انگلینڈ کا میچ برابر رہنے سے اسے گروپ بی میں دوسری پوزیشن مل سکی۔

یورو مقابلوں کے ابتدائی مرحلے میں بنائے گئے چھ گروپس میں سے ہر گروپ کی ابتدائی دو ٹیمیں براہِ راست دوسرے مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔

فرانس کے شہر ساں ایتیئن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے ہاف میں سلوواکیا کے گول پر پےدرپے حملے کیے لیکن سلوواکیا کے گول کیپر ماتوس کوزاچک نے تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔

انگلینڈ نے تمام میچ کے دوران میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور سلوواکیا کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن کامیابی نصیب نہ ہو سکی۔ دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی گیند پر گرفت کا تناسب 65 فیصد تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption ویلز کی ٹیم نے تمام توقعات کے برعکس گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے

میچ کے بعد انگلینڈ کے دفاعی کھلاڑی گیری کیہل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ رات ہمارے لیے مایوس کن رہی۔۔۔ ہم نے میچ کے شروع سے اختتام تک غلبہ برقرار رکھا لیکن ہم دروازہ نہیں کھول سکے۔ ہم مایوس ہیں کیونکہ جس قدر گیند پر گرفت ہمارے پاس رہی اس کے بعد ہمیں میچ جیت لینا چاہیے تھا۔‘

اس میچ کے لیے انگلینڈ کے کوچ روئے ہوجسن نے ٹیم میں چھ تبدیلیاں کی تھیں کیونکہ انھیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے پوائنٹس درکار تھے۔

کپتان وین رونی کو بھی ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا، تاہم وہ میچ کے دوران میدان میں واپس آ گئے تھے۔

میچ کے آغاز پر ٹیم میں جگہ نہ پانے والے دوسرے کھلاڑیوں میں رحیم سٹرلنگ، ہیری کین، ڈیلے ایلی، کائل واکر اور ڈینی روز شامل تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سلوواکیا کی ٹیم سخت محنت کے بعد ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی

اس کے مقابلے پر سلوواکیا نے اپنی اس ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس نے روس کو دو ایک سے ہرایا تھا۔

دریں اثنا ایک اور میچ میں ویلز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کو تین صفر سے ہرا دیا۔

ویلز کی جانب سے آرون ریمزی، گیرتھ بیل کے پاس پر دوسرا گول کیا، جب کہ بیل نے دوسرے ہاف میں خود تیسرا گول کر کے ٹورنامنٹ میں اپنے گولوں کی تعداد تین تک پہنچا دی۔

ویلز ٹورنامنٹ میں اب تک کارکردگی اس لحاظ سے شاندار رہی ہے کہ یہ 1958 کے بعد ان کا پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔

اسی بارے میں