سوئیڈش سٹرائیکر زلاتان ابراہمووچ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ UEFA handout
Image caption زاتالان ابراہموچ نے سنہ 2001 میں جزائر فارو میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا

سوئیڈن کے فٹبالر زلاتان ابراہمووچ نے یورو 2016 ٹورنامنٹ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کریئر کو مایوسی کے بجائے قابل فخر انداز میں یاد رکھیں گے۔

منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے 34 سالہ سٹرائیکر کا کہنا تھا کہ وہ رواں سال اگست میں منعقد ہونے والی ریو اولمپکس مقابلوں میں ایک زائدالعمر کھلاڑی کے طور پر شامل نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ بدھ کو سوئیڈن یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ کے گروپ ای کا اہم میچ بیلجیئم کے خلاف کھیل رہا ہے اور اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

زلاتان ابراہیموچ قومی ٹیم کے لیے 115 میچوں میں 62 گول سکور کر چکے ہیں۔

وہ سوئیڈن کے اگلے میچ کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہے تھے کہ انھوں نے کہا کہ وہ ایک پیغام دینا چاہتے ہیں، ’(یورو 2016 کا) آخری میچ میرا سوئیڈن کے لیے آخری میچ ہوگا، اور میں امید کرتا ہوں کہ ایسا کل نہیں ہوگا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption یورو 2016 تاحال ابراہموچ کے لیے مایوس کن رہا ہے

ان کا کہنا تھا کہ ’مایوسی کے ساتھ اختتام۔۔۔ کبھی نہیں۔ میں نے جو کچھ بھی حاصل کیا اور میں کہیں بھی جاؤں مجھے اس پر فخر ہے، سوئیڈن کا جھنڈا ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔ مایوسی کا وجود نہیں، صرف فخر ہے۔‘

یورو 2016 تاحال ابراہموچ کے لیے مایوس کن رہا ہے اور ابتدائی دو میچوں میں وہ کوئی بھی شاٹ صحیح ہدف پر لگانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ سوئیڈن نے دو میچ کھیل کر صرف ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے۔

زلاتان ابراہمووچ نے سنہ 2001 میں جزائر فارو میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ سنہ 2002 اور سنہ 2006 کے عالمی کپ مقابلوں اور گذشتہ چار یورپی مقابلوں میں سوئیڈن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

وہ سنہ 2010اور 2014 میں منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں میں شرکت سے محروم رہے کیونکہ سوئیڈن کی ٹیم ان کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption زلاتان ابراہیموچ 115 میچوں میں 62 گول سکور کر چکے ہیں

ان کے بین الاقوامی کیریئر کا ایک یادگار لمحہ سنہ 2012 میں انگلینڈ کے خلاف دوستانہ میچ میں چار گول کرنا تھا، اس میچ میں سوئیڈن نے انگلینڈ کو دو کے مقابلوں میں چار گول سے شکست دی تھی۔

سوئیڈن کی فٹبال ٹیم کے کوچ ایرک ہمرن کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے پائے کا ایک بین الاقوامی کھلاڑی ہے اور وہ ہے زلاتان ابراہمووچ۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ابراہمووچ کی وجہ سے سوئیڈش فٹبال کو بہت کچھ حاصل ہوا۔

اسی بارے میں